جی ٹی وی نیٹ ورک
اسلام آباد

پی آئی ڈی بلڈنگ میں آتشزدگی:ریکارڈ روم جل گیا لیکن ریکارڈ محفوظ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی عمارت میں لگنے والی آگ کے باعث 4 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ادارے کا ریکارڈ روم مکمل طور پر جل گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزرات اطلاعات کے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی 6 منزلہ بلڈنگ کے ایک حصے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے باعث عمارت کا عملہ فوری طور پر باہر نکل گیا۔ جب کہ فائربریگیڈ کے عملے نے بھی موقع پر پہنچ کر اندر موجود افراد کو باہر نکالا اور عمارت مکمل طور پر خالی کرالی۔

فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیوں نے ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہےکہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ نظر آرہی ہے۔ حادثے میں 4 افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی جانچ کریں گے جس کے لئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ حادثے میں ریکارڈ روم جلنے کی بھی اطلاعات تھیں تاہم انکا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود تمام ریکارڈ محفوظ ہے۔

 

متعلقہ خبریں