ڈینگی کے وار جاری، چوبیس گھنٹوں میں 34 نئے مریض سامنے آگئے

ڈینگی مریض

لاہور : گیارہ ماہ میں سولہ زندگیوں نگلنے کے بعد بھی ڈینگی بے قابو ہے، اس وقت پنجاب کے تمام اسپتالوں میں کل 123 مریض زیر علاج ہیں۔

موسم کی تبدیلی کے باوجود ڈینگی کے وار جاری ہے، پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 34 نئے مریض سامنے آئے، جبکہ 50 مریض ڈسچارج ہوئے ہیں۔

عدادوشمار کے مطابق راولپنڈی میں 10، لاہور 21، سرگودھا 2 اور جھنگ میں 1 کیس سامنے آیا، اس وقت صوبے بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 2 مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈینگی سے متاثرہ اور جاں بحق افراد کے اعداد و شمار جاری

ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 11 نومبر تک ڈینگی سے 16 اموات ہوئی ہیں اور اس وقت 123 مریض زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

سرویلنیس ٹیموں نے پنجاب بھر میں 191639 ان ڈور اور 57842 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا، جبکہ 243 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔

گذشتہ روز صوبہ بھر سے لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 11 کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 720 افراد کو وارننگ جاری کی گئی، راولپنڈی میں عوام کی سہولت کیلیے موبائل اسکریننگ یونٹس میں تمام ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔