جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

پاکستان نے بھارتی دراندازی کے خلاف سفارتی جنگ تیز کردی

 وزیرخارجہ شاہ محمود نے امریکا، چین، ترکی اور اقوام متحدہ کو بھارتی جنگی جنون سے آگاہ کیا اورواضح کردیا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترکی اور چین نے پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلفونک رابطہ کرکے بھارتی دراندازی کے خلاف حکومت پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہیں لیکن اپنی سالمیت پرسمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب مولود چاوش اولو سے بھی ٹیلفونک رابطہ کیا اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترک وزیر خارجہ نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
اسلام آباد میں چینی سفیرمسٹریاؤجنگ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر کو پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کے بے جا الزامات اور آج لائن آف کنٹرول کی صریحاً خلاف ورزی پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین، سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پر پاکستان کی دنیا بھر پر کھل کر حمایت کرتا آیا ہے۔
وزیرخارج نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو خط لکھا اور بھارت کی جانب سے جنگی جنون اورجارحیت سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاک سر زمین کو بھی نشانہ بنایا جو پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہے اوربھارتی جارحیت سے خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق ہوگئے جب کہ بھارت کی حکمران جماعت خطے میں جنگی جنون پیدا کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں