70 سالہ شہری کی آنکھ سے 7 سینٹی میٹر لمبا کیڑا نکل لیا گیا

کیڑا

بھارت کے شہر گجرات کے 70 سالہ شہری کی آنکھ سے 7 سینٹی میٹر لمبا کیڑا نکال لیا گیا۔

گجرات کے رہائشی جسو بھائی پٹیل نامی شخص کو کئی سالوں سے آنکھوں میں خارش اور تکلیف کا سامنا تھا اور انہوں نے کئی ڈاکٹرز سے بھی رجوع کیا لیکن کوئی ڈاکٹر ان کی تکلیف کی جڑ تک نہیں پہنچ سکا۔

جسو بھائی حال ہی میں ایک ڈاکٹر کے پاس گئے جہاں ڈاکٹر نے ان کی آنکھ کے پچھلے حصے میں یہ کیڑا دیکھا۔

ڈاکٹر نے بتایا کے ان کی آنکھ کے پچھلے حصے میں ایک رینگنے والا کیڑا ہے۔ جس کے بعد مقامی اسپتال کے ڈاکٹر نے ایک خوردبین کے ذریعے آنکھ کی جانچ کی جس سے معلوم ہوا کہ آنکھ کے پیچھے سفیدی والے حصے میں ایک رینگنے والا کیڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سے بڑا گردہ بھارتی شخص کے جسم سے نکال لیا گیا

ڈاکٹر نے بتایا کہ ہم نے جسو بھائی کو اینستھیسیا دینے کے بعد ان کی آنکھ کے اندر سے اس رینگنے والے کیڑے کو زندہ حالت میں باہر نکالا۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ اگر اس کیڑے کو آنکھ سے نہیں نکالا جاتا تو یہ ان کی آنکھ کے لیے شدید نقصان کا باعث بنتا اور اور متاثرہ شخص ہمیشہ کے لیے اندھا بھی ہوسکتا تھا۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ کیڑے کو آنکھ سے بے حد مشکل سے نکالا اور اسے نکالنے میں 25 منٹ لگے، ڈاکٹروں کو شبہ ہے کہ جسو بھائی پٹیل کی آنکھ میں یہ کیڑا کتے کے کاٹنے سے داخل ہوا ہوگا اور یہ ممکن ہے کہ یہ کیڑا ان کے خون میں داخل ہو گیا ہو اور خون کے ذریعے ہی آنکھ تک جا پہنچا۔

ڈاکٹر نے مزید کہا کہ کتے اور بلیوں کے اندر اس طرح کے کیڑے پائے جاتے ہیں۔