لندن: اداکار شہریار منور گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا سے اچانک غائب ہوگئے تھے جس کی وجہ انہوں نے بتادی ہے۔
اداکار نے کئی روز بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا سے غائب ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔
شہریار منور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ’2 ماہ قبل وہ موٹرسائیکل پر گلگت سے ہنزہ کے لیے گئے تھے کہ اس دوران خطرناک حادثہ پیش آیا‘۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’ان کا ایک کندھا بری طرح سے ٹوٹ گیا تھا اور سلسلے میں وہ سرجری کے لیے لندن گئے تھے جہاں ان کا آپریشن ہوا اور اب ان کا کندھا حرکت کر رہا ہے اور ان کی پٹی بھی اتر چکی ہے‘۔
شہر یار منور نے بتایا کہ ’اگر وہ اُس وقت ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی چیزیں نہ پہنے ہوئے ہوتے تو یہ حادثہ ان کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوسکتا تھا‘۔
شہریار منور نے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں کو مشورہ بھی دیا کہ موٹرسائیکل ایک اچھی سواری ضرور ہے لیکن یہ اتنی ہی خطرناک بھی ہے اور اس پر سفر کرتے ہوئے حفاظتی گئیر ضرور پہنیں۔