وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت یونیورسٹی میں انتظامی بحران، امتحانات کا بائیکاٹ

اسلام آباد: کامسیٹس یونیورسٹی میں انتظامی مسائل پر فیکلٹی نے امتحانات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت یونیورسٹی میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتوں کیمپسز میں فیکلٹی نے امتحانات کا بائیکاٹ کردیا ہے، اسلام آباد مین کیمپس کے مرکزی گیٹ کو تالے لگا کر بند کردیا گیا۔

ساتوں کیمسز میں بائیکاٹ سے 40 ہزار طلبہ کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی کے نمائندوں کو بلا لیا۔

یونیورسٹی فیکلٹی کے مطابق یونیورسٹی کو قیام سے اب تک ایڈہاک ازم کے تحت چلایا جارہا ہے، ریکٹر، رجسٹرار، ڈین تمام عہدے عارضی تقرریوں سے چلائے جارہے ہیں، انٹرم سیٹ اپ فیکلٹی کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے، فیکلٹی کی ترقیاں گزشتہ دس سال سے رکی ہوئی ہیں۔

اکیڈمک اسٹاف نے مطالبہ کیا کہ ہمیں جاب کنفرمیشن لیٹرز دیے جائیں، یونیورسٹی کو ایکٹ کے تحت ریگولر سیٹ اپ سے چلایا جائے۔