جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد نے پشاور کو شکست دیدی

پشاور زلمی کو

ابوظبی: پاکستان سپر لیگ 6 کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 247 رنز بنائے اور پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنادیا۔ یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2019 میں لاہور قلندرز کے خلاف 238 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے شاندار سینچری کی اور ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے لگائے اور 105 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ساتھ ہی کولن منرو نے47 اور آصف علی نے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

خیال رہے کہ انجری کے باعث شاداب خان آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے جس کے باعث پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اسلام آباد کی قیادت کررہے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں زلمی کے اوپنر حضرت اللہ پہلی گیند پر آٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے جارحانہ اننگز جاری رکھی اور 32 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک نے بھی 36 گیندوں پر 68 رنز بنائے تاہم 17 ویں اوور میں 185 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد کپتان وہاب ریاض اور عمید آصف نے جارحانہ اننگز کھیلی اور مقابلہ سخت کردیا، وہاب ریاض نے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے جب کہ عمید نے 9 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیلی، پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بناسکی اور اسے 15 رنز سے شکست ہوئی۔

اسلام آباد کی جانب سے عاکف جاوید نے 3، حسین طلعت نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس میچ میں مجموعی طور پر 479 رنز بنے جو کہ پاکستان کے کسی بھی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں سب سے بڑا رنز کا مجموعہ ہے۔

متعلقہ خبریں