جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

اگلا آئی سی سی چیئرمین انگلینڈ، بھارت یا آسٹریلیا سے نہیں ہونا چاہیئے: احسان مانی

احسان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اگلا چیئرمین بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیئے۔

غیر ملکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ان بِگ تھری کی وجہ سے صرف مالی ماڈل ہی غلط نہیں بلکہ ان تین ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں بانٹ لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عہدے کے لیے کچھ ڈائریکٹرز نے انہیں پیشکش کی تھی لیکن وہ کبھی اس کے خواہش مند نہیں رہے۔

احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت سے کرکٹ کھیلے بغیر بورڈ چلا رہے ہیں کیا کرکٹ آسٹریلیا ایسا کرسکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اب اپنی کوئی بھی ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا: احسان مانی

انہوں نے کہا کہ بہت سے کرکٹ بورڈ کے ساتھ باہمی سیریز پر بات کررہے ہیں، ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے 4 ایونٹس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم رواں برس نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے لیے بھی تیار ہے کیونکہ ہم دوسرے ممالک کی مدد کرنا ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں