جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کشمیر انتخابات میں دھاندلی اور پری پول رگنگ کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے گئے : ناصر شاہ

کشمیر انتخابات میں دھاندلی

کراچی : ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کشمیر انتخابات میں دھونس دھاندلی کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا آلہ کار بنا رہا۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے کشمیر کو بھی نہیں بخشا۔ کشمیر انتخابات میں دھونس دھاندلی اور پری پول رگنگ کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے گئے۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن اندھا، بہرا اور گونگا بنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان، گنڈا پور اور وفاقی وزراء الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈٹ کی دھجیاں اڑاتے رہے۔ اے جے کے الیکشن کمیشن دیکھتا رہا اور پی ٹی آئی کا آلہ کار بنا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر پولنگ اسٹیشنز گھومتے رہے، پولیس اہلکار ووٹرز کو حکمران جماعت کو ووٹ ڈالنے کا کہتے رہے۔ لیکن الیکشن کمیشن سب کچھ ٹھیک ہے، کا راگ الاپتہ رہا۔ گنڈاپور کھلے عام نوٹوں کی چمک دھمک دکھاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا سے شروع ہونیوالا کامیابی کا سفر کشمیر پہنچ گیا : وزیراعلیٰ محمود خان

ناصر شاہ نے کہا کہ کشمیر کے گذشتہ آر او الیکشن میں پیپلز پارٹی نے تین نشستیں حاصل کی تھیں۔ وفاقی مشینری کے بے دریغ استعمال کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے اس مرتبہ 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری پر بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کے جھوٹے وزراء اور ترجمان کہتے رہے کہ پیپلز پارٹی نے 8 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے 11 نشستوں پر تو کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فری اور فیئر الیکشن ہوتے تو پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں سوئیپ کرتی۔ پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے گھٹ جوڑ پر جلد پیپلز پارٹی اجلاس طلب کر کے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اُمیدواروں کو تمام جبر کے باوجود مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

متعلقہ خبریں