جی ٹی وی نیٹ ورک
اسلام آباد

علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر جاری کیئے جائیں : امیر حیدر ہوتی

اسلام آباد: اے این پی کے رہنماء امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کیے جائیں، تاکہ اس ایوان میں وزیرستان کی نمائندگی ہو۔

خیبرپختونخواہ کے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غور کرنے کی ضرورت ہے کہ پچھلے دس ماہ میں ہم نے کیا پایا کیا کھویا؟ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ موجودہ تباہی کی پچھلی حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ افراط زر چار فی صد سے بڑھ کر نو فی صد تک پہنچ گیا ہے۔ سبزیاں دالیں اور خوردنی تیل مزید مہنگا ہو رہا ہے۔ حکومت کم سے کم اتنا تو کرے کہ مزید مہنگائی نہ کرے۔ تنخواہوں میں 25 فی صد تک اضافہ کیا جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اچھی بات ہے۔ اس ایوان کے دو ارکان اور بھی ہیں، جن کا نام علی وزیر اور محسن داوڑ ہے، ان کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کیے جائیں، تاکہ اس ایوان میں وزیرستان کی نمائندگی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے ریاست کو اپنے بچوں کو پیار سے سمجھانا ہوگا۔ ہم قوت کا استعمال کر کے ان کے گلے شکوے نہیں دور کر سکتے ہیں۔ میں حکومت سے درخوست کرتا ہوں کہ ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی جائے۔

متعلقہ خبریں