امریکی، افغان فورسز اور طالبان کی کارروائیوں نے داعش کو پسپا کردیا : زلمے خلیل زاد

زلمے

ننگرہار : زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکا، افغان فوج اور طالبان کی موثر کارروائیوں سے داعش خراسان پسپا ہوگئی اور سینکڑوں جنگجوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں .

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم تشکر پر داعش خراسان کے خلاف افغانستان میں بڑی پیشرفت ہوئی اور داعش خراسان کے سینکڑوں جنگجوں نے ہتھیارڈال دیے ہیں.

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکی اتحادی فورسز، افغان فوج اور طالبان کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں داعش کو کئی علاقوں سے پسپا کردیا گیا ہے اور اس کے بہت سے جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں، اگرچہ داعش خراسان مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے لیکن اسے پہنچنے والے یہ نقصانات اس کے خلاف جنگ میں حقیقی پیش رفت ہیں.

زلمے خلیل زاد نے مزید کہا کہ ننگرہارمیں حالیہ مہم داعش خراسان کے خلاف موثر اقدامات کی ایک مثال ہے۔