جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

سیلاب متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے رقم بڑھا کر 4 لاکھ روپے کردی : وزیر اعلیٰ پنجاب

4 لاکھ روپے

لاہور : پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر و مرمت کے لیے مالی امداد کی رقم بڑھا کر 4 لاکھ روپے کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور سابق وفاقی وزیرِ مونس الہٰی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر تبادلہ خیال اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو دین کے حوالے سے ریکارڈ قانون سازی کا اعزاز حاصل ہے۔ پنجاب بھر میں سود کے نجی کاروبار پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف بدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتہائی مختصر مدت میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں۔ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے جامع پلان بنایا ہے۔ سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر و مرمت کے لیے مالی امداد کی رقم بڑھا کر 4 لاکھ روپے کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں صرف زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں۔ مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر میں آگے بڑھتے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں