ترکی کے مشرقی صوبے میں ایک اور زلزلے کے جھٹکے نے عوام کو مزید خوفزدہ کردیا، ایک شخص ہلاک، جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے، کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
دو طاقتور 7.7 اور 7.6 شدت کے زلزلوں کے جھٹکوں کو تین ہفتے گزر چکے ہیں، جنوبی ترکی اور شمالی شام میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ترکی کے مشرقی ملاتیا صوبے میں 5.6 شدت کے ایک اور زلزلہ آیا، جس میں ایک شخص ہلاک، جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، جس کے بعد ترکی میں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار 374 اور شام میں 5 ہزار 914 ہوچکی ہے۔
ملک کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اے ایف اے ڈی کے سربراہ یونس سیزر نے صحافیوں کو بتایا کہ زلزلے کا مرکز ملاتیا صوبے کے قصبے یسیلیورت میں تھا، جس کے بعد مزید دو درجن سے زائد عمارتیں گر گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : ترکی میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ناقص تعمیرات کرنے پر 184 افراد گرفتار
یسلیورٹ میں چار منزلہ عمارت کے ملبے تلے پھنسے باپ بیٹی کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا، جو سامان لینے کے لیے تباہ شدہ عمارت میں داخل ہوا تھا۔
ملاتیا ان 11 ترک صوبوں میں شامل تھا، جو 6 فروری کو 7.8 شدت کے زلزلے سے متاثر ہوئے تھے جس نے جنوبی ترکی اور شمالی شام کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا تھا۔
اے ایف اے ڈی کے سربراہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تباہ شدہ عمارتوں میں داخل نہ ہوں کیونکہ شدید آفٹر شاکس خطرے کا باعث ہیں۔ 6 فروری سے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں 10 ہزار سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔