اپنا حق منوانے اور عزت کو بحال کرنے کا وقت آگیا : نواز شریف کا شہباز شریف کو خط

اپنا حق

لاہور : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں ہدایت کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج سے متعلق جامع پروگرام ترتیب دیا۔ ذمہ داری دلیر لوگوں کے حوالے کی جائے اب ہر مصلحت کو ایک طرف رکھ کر اپنا حق منوانے کا وقت ہے۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خط کی کاپی جی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔ خط دس اکتوبر کو کوٹ لکھپت جیل سے شہبازشریف کے نام تحریر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں : فردوس عاشق

خط میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے گزشتہ فیصلوں کے پر کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے احتجاج میں (ن) لیگ کے کارکن اور رہنماء بھرپور انداز میں شرکت کریں۔

میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ جامع پروگرام ترتیب دیا جائے اور باقاعدہ اعلان کریں، احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنائیں، اب اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا وقت ہے۔ ہرمصلحت کو بالائے طاق رکھ کر اپنا حق منوانے کا وقت آگیا ہے اور عزت کو بحال کرنے کا وقت ہے۔

نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ بات اگر قومی غیرت، جمہوریت کی بقاء اور خود داری تک آجائے، تو بہادری کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم کا خط لیگی وفد نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے کیا تھا۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ن لیگ کے ہونے والے اجلاس میں نواز شریف کے خط میں دی گئیں ہدایات پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے جائے گا۔  

جس پر لیگی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں نواز شریف کا پیغام اور پارٹی کے آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق حکمت عملی سے آگاہ کیا۔