جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

ملک بھر میں یوم عاشورہ کے جلوس اختتام پذیر

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک کےمختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بر آمد ہوئے۔

یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی۔

حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات بھی کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

مجلس اور جلوس کے شرکاء کے داخلی راستوں پر پولیس، رینجرز اور عزاداران کی سیکیورٹی ٹیمیں شرکاء کو چیک کرکے اندر داخل ہونے کی اجازت دے رہی تھیں۔

واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے جبکہ نشتر پارک اور جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سوئپنگ کے بعد کلئیر بھی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب جلوس اور مجالس کے اوقات میں مقررہ راستوں پر موبائل فون سروس بھی بند رہی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری مرکزی اور دیگر آنے والے جلوسوں کی سیکیورٹی پر تعینات رہی۔

جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔

لاہورمیں دسویں محرم الحرم کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

راولپنڈی میں دسویں محرم کے مرکزی جلوس ساڑھے 10 بجے امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والے امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔

کوئٹہ میں عاشورہ کاجلوس علمدارروڈ پر رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہوا۔

جلوس شام تقریباً 6 بجےعلمدار روڈ پر ہی اختتام پزیر ہوا۔

پشاور میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے۔

جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے نماز مغرب سے پہلے اپنی اپنی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوگئے۔

متعلقہ خبریں