لاہور: عمران خان کا کہنا ہے کہ جو 4 لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان کیساتھ آصف زرداری بھی تھا، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسہ ایک دہشتگرد تنظیم کو دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملکی معاشی حالات پر بات کرنا چاہتا ہوں، پتہ تھا ایک بار معیشت غیر مستحکم ہوگئی تو کوئی سنبھال نہیں سکے گا، مجھے پتہ تھا یہ 30سال حکومت کرچکے اب بھی یہ نہیں سنبھال سکیں گے، شوکت ترین نے بھی پوری طرح سمجھانے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوئے، کورونا کے دوران بجلی، تیل ، پیٹرول ، کوئلہ ایک دم اوپر چلے گئے، جو بھی چیزیں باہر سے آرہی تھیں وہ چیزیں اوپر چلی گئیں، آج افسوس ہے ہم اب ادھر چلے گئے ہیں کہ معیشت ڈوبتی جارہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جب حکومت میں آئے تو زرمبادلہ ذخائر8اور9ارب ڈالر کے درمیان تھے، ہم نے زرمبادلہ ذخائر کو16.4ارب ڈالر تک پہنچایا جب عدم اعتماد لائی گئی، آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر3.6ارب ڈالر رہ چکے ہیں، عالمی معاشی ماہرین پاکستانی معیشت کی خطرناک تصویر بتارہے ہیں، ان کے 9 ماہ کے دورانیہ میں روپے کی قدر 84 روپے گر گئی، یہ کہتے ہیں کہ ہم نے تباہی کردی مگر روپیہ گر رہا ہے، اسحاق ڈار نے لندن سے آتے ساتھ ہی بڑھکیں ماری تھیں، جو بڑی محنت سے پیسہ چوری کرکے آف شور کمپنیوں میں لیکر گئے ان کو منافع ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر زرداری اور شہباز شریف خاندان مسلط ہیں، ان کا پیسہ لانچوں اور جہازوں پر بیرون ملک جاتا ہے، میں جب باہر سے پیسہ لایا تھا تو پاؤنڈ 90 روپے کا تھا، آج 300 روپے کا ہوگیا، حکومت تبدیلی کے بعد اب آپ پر اس کے اثرات بڑھنے والے ہیں، حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 50،50 روپے اضافہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے کیلئے اقتدارمیں آئے تھے، ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد تھی، روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی کی شرح 35 فیصد تک جائے گی، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہونے جا رہی ہے، تنخواہ دار طبقے کیسے اس مہنگائی میں گزارا کریں گے، ہمارے دورمیں آٹا 60 روپے کلو اور اب 150سے اوپر چلا گیا، ہمارے دور میں پیاز کی قیمت 44 روپے تھی اور آج 230 روپے ہے، حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرنے جارہی ہے، گیس کی قیمت میں 74فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے اسلام آباد پولیس کی سیکورٹی واپس لے لی گئی
عمران خان کا کہنا تھا کہ کسان نے گندم کی فصل پر یوریا کیلئے 60ارب روپے اضافی دیئے، آج ایکسپورٹ انڈسٹری متاثر ہورہی ہے، ہم نے 3 سال کے دوران 55 لاکھ نوکریاں دیں، ہمارے دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ورکرز نہیں ملتے تھے، اسحاق ڈار 99 میں معیشت لائف اسپورٹ مشین پر چھوڑ کرگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ ہے، سیکیورٹی کی فکر ہر اس پاکستانی کو ہے جسکا جینا مرنا اس ملک میں ہے، خوف آرہا ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے معیشت مزید نیچے جائے گی، اسحاق ڈار معیشت کو وہاں لے گیا ہے جہاں پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہے، آئی ایم ایف نے سری لنکا کو دیوالیہ ہونے پر کہا 50 فیصد فوج کم کرو، آئی ایم ایف نے مصر کو بھی کہا ہے کہ اپنے فوجی اخراجات کم کرو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غلطی سدھارنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ شفاف الیکشن کراتے، ملک کو فاشزم کی طرف دھکیلا جارہا ہے، جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہیں، ایک خوف پھیلایا جارہا ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو خوف پھیلا کر دیوار سے لگایا جارہا ہے، ایسی پارلیمنٹ کی کیا اہمیت جہاں راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر ہو، جو کہتا ہے میں ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا وہ اپوزیشن لیڈر بنا بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی 16 ارب کی کرپشن ختم کرنے کیلئے ایف آئی اے کو تباہ کردیا گیا، نیب کے پاس اب کوئی طاقت نہیں رہی اب صرف چھوٹے چور پکڑے جائیں گے، نیب نے 1100 ارب روپے ریکور کرنے تھے چوروں نے معاف کرادیئے، ایف آئی اے میں اپنے چمچوں کو بٹھادیا گیا ہے، ایف آئی اے کو شہباز شریف کے کیسز ختم کرنے میں لگادیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے نام پر ہمارے مخالفین کو لاکر بٹھادیا گیا، نگراں حکومت نے آتے ساتھ ہی ہمارے ترقیاتی کام بند کرادیئے، نگراں حکومت نے آتے ہی مجھ پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو بند کردیا، جے آئی ٹی میں تحقیقات کرنے والے افسران کو معطل کردیا گیا، پولیس افسران وہ تھے جنہوں نے ملزم کی ویڈیو بنائی تھی، خوف کس چیز کا ہے تحقیقات کیوں بند کی جارہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 4 لوگ تھے جنہوں نے بند کمرے میں مجھے قتل کرنے کی سازش کی، میں نے عوام کو بتادیا تھا مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، میرے انکشاف کے بعد یہ لوگ پیچھے ہٹ گئے پھر پلان بی بنایا گیا، پلان بی کے مطابق مجھے مذہبی انتہا پسندی کے نام پر قتل کرانا تھا، جو 4 لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان کیساتھ آصف زرداری بھی تھا، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسہ ایک دہشتگرد تنظیم کو دیا۔