جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

آصف زرداری کے لیئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

آصف زرداری میڈیکل

اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔ کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے خصوصی بینچ نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کے لئے سماعت کی۔

عدالت نے فریال تالپور کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کا کوئی میڈیکل بورڈ بنا؟ جس پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : رحمان ملک کا آصف زرداری کے پرانے ڈاکٹروں سے علاج کروانے کا مطالبہ

جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پمز کے ہیڈ کو کہہ دیتے ہیں کہ وہ میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ جمع کرائیں، اس موقع پر فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بورڈ کا حصہ بنانے کی استدعا جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔

عدالت نے پمز کے ہیڈ کو سابق صدر کی بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 11 دسمبر سے قبل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں