وفاقی کابینہ اجلاس : اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم آئندہ اجلاس تک مؤخر

اسلام آباد: حکومت نے اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم کابینہ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ ارکان نے ایسیٹ ڈیکلریشن اسکیم پر تجاویز دیں جب کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے اسکیم پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بتایا کہ اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم کابینہ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی ہے، کابینہ نے اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم کا شق وار تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ایمنسٹی اسکیم کے کچھ پہلوؤں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایسیٹ ڈیکلریشن اسکیم کو غور کے لیے پیش کیا گیا تاہم اس دوران چند وزرا نے اسکیم پر اعتراض کیا جب کہ وزیراعظم نے بھی اسکیم کو پی ٹی آئی کے منشور کے خلاف قرار دیا اور اسکیم پر مزید مشاورت کی ہدایت کی۔