اسلام آباد: عدالت نے بارہ کہو امام بارگاہ خودکش حملے میں ملوث ملزمان کو بری کردیا

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بارہ کہو میں امام بارگاہ میں خودکش حملے ملزمان کو بری کردیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں امام بارگاہ میں خودکش حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر 6 ملزمان کو شواہد ناکافی ہونے پر بری کر دیا۔

بری ہونے والے ملزمان میں ہدایت اللہ، محمد ولی، انور احمد، محمد یسین، محمد صدام اور مہوش حبیب شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل چلایا گیا۔

عدالت نے کیس کے مفرور ملزمان ابرار احمد اور نور محمد کے دائمی وارنٹ بھی جاری کر دیے۔

ملزمان پر 2013 میں بارہ کہو امام بارگاہ میں عید کے روز خودکش دھماکہ کا الزام تھا۔ ملزمان کے خلاف بارہ کہو تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی، دھماکے میں ایک شہری شہید ہوا، جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔