عاطف اسلم کے کنسرٹ پر تنازع کھڑا ہوگیا

عاطف اسلم

کراچی: ایونٹ آرگنائزر ضیاء الدین نے کہا کہ عوام کو معیار اور تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے بیچ پارک میں عاطف اسلم کا کانسرٹ رکھا تھا لیکن بلدیہ عظمیٰ نے تاحال اجازت نہیں دی۔

الحیات ایونٹ آرگنائزرز ضیاء الدین کا کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کو معیار اور تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے بیچ پارک میں عاطف اسلم کا کانسرٹ رکھا تھا لیکن بلدیہ عظمیٰ نے تاحال اجازت نہیں دی اگر کل تک اجازت نہ ملی تو ایونٹ کی جگہ تبدیل کردیں گے۔

ضیاء الدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ستمبراور اکتوبر میں ڈی جی پارک سے بیچ پارک میں ایونٹ کی اجازت طلب کی تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا تھا لیکن اچانک کل انہوں نے چھ ستمبرکے ایونٹس کابیان دے دیا جبکہ گزشتہ برس اس ہی جگہ پرسہہ روزہ پورٹ فیسٹول ہواتھا۔

ایونٹ آرگنائزر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس الزام کی سختی سے تردید کی کہ وہ عاطف اسلم کے نام پرعوام کو بے وقوف بنارہے ہیں، انہوں نے بتایاکہ عاطف اسلم سمیت غیرملکی گلوکاراس ایونٹ میں اپنے فن کامظاہرہ کریں گے۔

اسی حوالے سے ایونٹ آرگنائزر جہانزیب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے اس سے قبل پاکستان میں کوئی ایونٹ نہیں کیا یہ ان کاپہلا ایونٹ ہے اس لئے ان پریہ الزام عائد کرناغلط ہے کہ وہ پہلے بھی جعلی ایونٹ کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ میئرکراچی کو مہمان خصوصی بنانے کوتیار ہیں اور اگر انہیں کوئی تحفظات ہیں تو وہ ان سے بات کرکے مسئلہ حل کرائیں۔

ایک اورسوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کل تک بیچ پارک میں کانسرٹ کرنے کی اجازت ناملی تو وہ کسی نجی جگہ پرکانسرٹ کا اعلان کریں گے۔