جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

آرمی چیف کا لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا دورہ، مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے

آرمی چیف

پشاور: جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے، جب تک امن کے دشمن کیفر کردار تک نہیں پہنچتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا دورہ کیا اور پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ قوم نے دشمن کو مسترد کرکے دہشت گرد نظریئے کو شکست دی اور بے مثال یک جہتی دکھائی۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کل بھی وہی تھا، دشمن آج بھی وہی ہے۔ دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ہدف بنایا گیا۔ ستائیس اکتوبر یوم سیاہ کشمیر پر دشمن نے ایک بار پھر وار کیا اور مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔

کورونا کی دوسری لہر: شاپنگ مالز، شادی ہال، ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن نے سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کی کوشش کی، ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ جب تک امن کے دشمن کیفر کردار تک نہیں پہنچتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملا کنڈ ڈویژن کے علاقے اپر دیر کا بھی دورہ کیا۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کو امن و استحکام سے متعلق پاک فوج کی کوششوں اور سرحدی معاملات پر بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے جوانوں کو علاقے میں امن کی کوششوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شر پسند عناصر کی حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں پاک فوج کے جوان چوکنا رہیں۔

خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔

متعلقہ خبریں