آزادی مارچ، پلان بی : حکومت سے نئے انتخابات کے اعلان کا مطالبہ

مولانا فضل الرحمان پلان بی

اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان کے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کو دیئے گئے پیغام میں پلان بی پر عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔ پلان بی میں حکومت سے نئے انتخابات کے اعلان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوگئے مگر ڈیڈلاک نہ ٹوٹا۔ حکومت استعفے کی بجائے درمیانی راہ نکالنے کے لئے کوشاں ہے، تو جے یو آئی اپنا پلان بی سامنے لے آئی ہے۔

جے یو آئی قیادت کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کے ذریعے وزیراعظم اور حکومتی کمیٹی تک پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں تین ماہ میں نئے الیکشن کا اعلان کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے مذاکرات کامیاب نہ ہونے کی صورت میں اگلے آپشن کے طور پر جے یو آئی ایف کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جمعیت علمائے اسلام کا دھرنا آٹھویں روز بھی جاری، مولانا ڈٹ گئے

بارہ ربیع الاول تک حکومت کے جواب کا انتظار کیا جائے گا اور اس کے بعد اگلی حکمت عملی کے تحت ملک کی بڑی شاہراہوں کی بندش کے آپشن کو حتمی شکل دے گی۔

بڑے آئینی عہدے کے خلاف مواخذے کی تحریک اور تمام صوبائی و وفاقی وزراء سے استعفوں کا آپشن بھی اس کے بعد مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔

اپوزیشن کے تیور کو بھانپتے ہوئے حکومت نے آئندہ کی حکمت عملی کے تحت اپنے انتظامات بھی کرنا شروع کردیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سیکیورٹی اطلاعات کی بنیاد پر اپنا پلان بی بھی مرتب کررہی ہے۔