جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

بابر اور رضوان کی شاندار اننگز، پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

پاکستان

کراچی: 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا 200 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان نے بابر اور رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرکے انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 200 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے پورا کرنے والی دنیا کی واحد ٹیم بھی بن گئی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 110 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جب کہ رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 4 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دو سنچریاں بنانیوالے پہلے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا کیخلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔

اگلینڈ کی اننگز:

پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا آغاز اچھا رہا، دنوں اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 26 رنز بناکر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں شامل ایک رکن کورونا وائرس کا شکار

انگلینڈ کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر ہی اٹھانا پڑا، ڈیوڈ ملان پہلی کی گیند پر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستان کو تیسری کامیابی فل سالٹ کی صورت میں ملی، وہ 27 گیندوں پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ بین ڈکٹ 43 اور ہیری بروک 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تاہم اختتامی اوورز میں کپتان معین علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچایا، وہ 23 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین سب سے مہنگے بولرز ثابت ہوئے، انہوں نے4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی، پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔

متعلقہ خبریں