جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

بابر اعظم اور ویرات کوہلی اب ایک ٹیم میں ساتھ ساتھ کھلیں گے

بابر اعظم اور ویرات کوہلی

دنیائے کرکٹ کے دو بہترین بلے باز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی پہلی بار ایک ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 2023ء میں بابر اعظم اور ویرات کوہلی ایک دوسرے کے ہمراہ ایک ٹیم میں کھیلیں گے، یہ دونوں بہترین بیٹرز افرو ایشیا کپ 2023ء کا حصہ ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق بابر اعظم اورویرات کوہلی سمیت بھارت اور پاکستان کے دیگر کرکٹرز بھی 2023ء کے وسط میں افرو ایشیا کپ کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ پرابھاکرن تھنراج کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک بورڈز سے تصدیق نہیں ملی ہے، ہم وائٹ پیپر پر کام کر رہے ہیں اور اسے دونوں بورڈز کو جَلد پیش کیا جائے گا۔

پرابھاکرن تھنراج کا مزید کہنا ہے کہ دنیا بھر کے شائقین پاک بھارت کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہے افرو ایشیا کپ سیاست سے دور اور پاک رہے۔

ترجمان ایشین کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے بہترین کھلاڑی ایشین الیون میں کھیلیں۔

واضح رہے کہ افرو ایشیا کپ آخری بار 2007 میں منعقد ہوا تھا، بعد ازاں نشریات اور سیاسی مسائل کے سبب اسے منسوخ کر دیا گیا تھا جبکہ یہ کرکٹ ٹورنامنٹ اب آئندہ سال 2023ء میں دوبارہ کھیلا جائے گا۔

2007ء کے ٹورنامنٹ میں ایم ایس دھونی نے حصہ لیا تھا جبکہ 2005ء کے ایڈیشن میں شاہد آفریدی نے راہول ڈریوڈ اور وریندر سہواگ کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں پرفارمنس دی تھی۔

یہ پڑھیں :  بابر اعظم نے خوش دل شاہ کومزید خوش کردیا

متعلقہ خبریں