جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

بابراعظم، امام الحق اور شاداب انجری کا شکار، ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

انجری

کوئینز لینڈ: نیوزی لینڈ کے خلاف سریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکہ لگ گیا، بابر اعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کا شکار ہوگئے۔

بابر اعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کا شکار ہوگئے، بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے سیریز سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔

اتوار کو نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی جس کی وجہ سے بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا۔ بابراعظم اب کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جانے ہیں۔

امام الحق نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ سے باہر ہوگئے، امام الحق اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے میچ سے آؤٹ ہوئے، ان کو نیٹ سیشن میں گیند لگنے سے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر آگیا۔

امام الحق انجری کے باعث نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، امام الحق کم از کم 12 روز تک بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکتے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی سیریز؛ پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان

آل راؤنڈر شاداب خان بھی اپنی ٹانگ میں کھیچاؤ محسوس کررہے ہیں۔ شاداب نے نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل اسپورٹس کا حصہ ہیں، بابر اعظم کا انجری کے سبب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے آؤٹ ہونا بہت مایوس کن ہے، بابر اعظم کے ساتھ بات کی ہے، وہ ٹی ٹونٹی سیریز سے آؤٹ ہونے پر بہت افسردہ ہیں۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیم شاداب خان کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے، ہم پر امید ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریزکے لیے ہمیں دستیاب ہوں گے۔ تاہم ہم اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔

متعلقہ خبریں