جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے شکوہ

کرکٹ

لاہور: وومن ٹی 20 کرکٹ لیگ پی سی بی کو کروانا چاہیے تھا، اتنے بڑے ایونٹ میں پی سی بی کی عدم دلچسپی پر افسوس ہے۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا لاہور سے ویمن لیگ کے لیے آئے سپورٹس صحافیوں کے وفد سے ملاقات پر گفتگو میں کہنا تھا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار وومن ٹی 20 کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا ہے، پاکستان کی ٹاپ لیول کی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقامی خواتین کرکٹرز بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ پی سی بی کو کروانا چاہیے تھا، اتنے بڑے ایونٹ میں پی سی بی کی عدم دلچسپی پر افسوس ہے۔ چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام کو وومن ٹی 20 کرکٹ لیگ میں آنا چاہیے تھا، کرکٹ سلیکٹرز کو وومن کرکٹ لیگ کو دیکھنا چاہیے۔ اس ایونٹ سے بہترین کھلاڑیوں کی سلیکشن کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی سی بی زیادہ فعال تھی، اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے اور چیئرمین پی سی بی سنجیدگی سے سوچیں، وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، یہاں کرکٹ کے فروغ کےلئے ان سے بات کریں گے۔

وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر کونے میں ٹیلنٹ موجود ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور حکومت بلوچستان کے مابین ایم او یو پر دستخط کیے ہیں، جس سے اسپورٹس کو فروغ ملے گا۔ اسپورٹس پر انویسٹمنٹ بلوچستان اور پاکستان کے لیے کر رہے ہیں، بلوچستان میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 33 اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کر رہی ہے، ہر ٹاؤن کے اندر فٹسال گراؤنڈ تعمیر کر رہے ہیں، گوادر اسٹیڈیم کو اپنے فنڈز سے بین الاقوامی سطح کا بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں