جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

غیر تصدیق شدہ سی این جی سلینڈرز پر پابندی، آئی جی سندھ کو صوبے بھر میں کارروائی کا حکم

غیر تصدیق شدہ سی این

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے غیر تصدیق شدہ سی این جی سلینڈرز پر پابندی عائد کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو صوبے بھر میں کارروائی کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں غیر معیاری سی این جی سلینڈرز کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے غیر تصدیق شدہ سی این جی سلینڈرز پر پابندی عائد کردی۔ آئی جی سندھ کو صوبے بھر میں کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ ایچ ڈی آئی پی کے لائسنس یافتہ سلینڈرز نہ ہوں تو فوری کارروائی کی جائے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے وکیل نے کہا کہ تھوڑی سی مہلت مل جائے تاکہ عمل درآمد ہوسکے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کیا حادثہ مہلت دیتا ہے؟ کوئی مہلت نہیں ملے گی کوئی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : گیس بحران، کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز بند

عدالت نے آئی جی موٹر وے کو بھی غیر تصدیق شدہ سلینڈرز والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ایچ ڈی آئی پی سے تصدیق شدہ لائسنس نہ ہو تو سلینڈرز نکال لیا جائے۔ عدالت نے سلینڈرز کی تنصیب کی ورکشاپس کیلئے لائسنس کو لازمی قرار دے دیا۔

عدالت نے ہدایت دی کہ ڈائریکٹر ایکسپلوزیو اور متعلقہ ادارے قانون کے مطابق لائسنس جاری کریں۔ جس گاڑی کے پاس ایچ ڈی آئی پی سرٹیفکیٹ نہ ہو اس کو روک کر گیس سلنڈر اتار لیے جائیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ یہ لوگ چلتے پھرتے بم لے کر گھوم رہے ہیں۔ جب دھماکہ ہوجاتا ہے تو پھر کون ذمہ دار ہوتا ہے؟ پولیس اہلکاروں ازخود ان کے خلاف کارروائی کریں۔

متعلقہ خبریں