جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

برطانیہ نے نیوٹن دیا، ہمارے پاس یوٹرن ہے : عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد: عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پہلے کراچی کو آرٹیکل اے کے 47 سے آزاد کرایا، اب دور جدید کے شریف الدین پیرزادہ آرٹیکل 149 لے آئے، حکومت صرف پوائنٹ اسکورنگ کرتی ہے، برطانیہ نے نیوٹن دیا، ہمارے پاس یوٹرن ہے۔

قومی اسمبلی میں وزیر مواصلات مراد سعید کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ روزانہ تقاریر کر کے اپوزیشن کو طنز کا نشانہ بنا کر اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ نے بہت اعلیٰ کام کیا تو اپنے گمان و خیال سے باہر نکلیں۔

باتیں آرام سے کی جا سکتی ہیں۔ ہر وقت چیخ سے بات کرنے سے ذہن پر بھاری اثرات ہوتے ہیں، مجھے مجبور نہ کریں کہ آپ کی طرح ایوان کو مچھلی منڈی بنائیں، روزانہ کھڑے ہو کر روزانہ اپوزیشن کے اوپر تنقید کرنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے، جس نے وفاق کو نقصان سے بچانے کے لیے سندھ کے قوم پرستوں کا راستہ روکے رکھا، پی پی پی نے قربانیاں دے کر وفاق و پاکستان کو بچایا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کو سیاست میں آئے ہوئے جتنے دن گزرے ہیں، ہمارے جلا وطنی اور جیلوں کی مدت اتنی ہے۔

عبدالقادر پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ 3 اداروں کے جھگڑے پر آئین کے آرٹیکل 149 کے ذریعے کراچی کو علیحدہ کرنے کا وہ خواب ہے، جو الطاف حسین نے دیکھا تھا اور عمران خان کو اس پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔

آپ کے ایک وزیر نے سندھ حکومت گرانے سندھ پہنچے تھے، وہ وہاں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتے تھے مگر خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے آرٹیکل 149 کا جواز نہیں بنتا تھا، اس سے پہلے آرٹیکل اے کے 47 سے کراچی چلایا جاتا تھا اور اب جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کا خاتمہ کیا تو وہاں کے نام نہاد نمائندے آرٹیکل 149 کا مطالبہ کررہے ہیں اور آپ ان کی تائید کررہے ہیں کیا آپ بھول گئے کہ کراچی میں ایک دن میں 100 لاشیں گرتی تھیں۔

عمران خان جب تاریخ پر بات کرتے ہیں تو تاریخ دان سر پکڑ کر بیٹھ جاتے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں فخر ہے کہ وہ یوٹرن کے وزیراعظم ہیں، ہم اب برطانیہ سے پیچھے نہیں ہیں کیوں کہ برطانیہ نے نیوٹن دیا، ہم نے یو ٹرن دے دیا ہے۔

کشمیر پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیئے، کشمیر اس طرح کنسرٹ سے آزاد نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں