جی ٹی وی نیٹ ورک
اسلام آباد

بھارتی فوجی قیادت کے بیانات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، آرمی چیف

آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں ایران امریکہ تنازع اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بھارتی فوجی قیادت کے بیانات کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر اجلاس جی ایچ کیو میں منعقد ہوا جس میں علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں داخلی سلامتی، سرحدی اور ایل او سی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان مخالف بیانات پہ سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے: جنرل آصف غفور

اجلاس میں بھارتی بیانات کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے خطے کے امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اس موقع پر ایران امریکہ تنازعے کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان اہم شراکت دار ہے، پاکستان نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا، مادر وطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کسی قیمت پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں