جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، فیصلے کو واپس لیا جائے: شہباز شریف

بجلی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، عوام اس فیصلے کو مسترد کرتی ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آٹا، گندم، چینی، دوائی، پٹرول چوری سے حواریوں کی جیب بھر رہا ہے جبکہ غریب عوام پر ہر روز مزید بوجھ لادا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر ہیرو بننے کی کوشش کرنے والے بجلی کی قیمت بڑھا کر زیرو بن گئے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایل این جی کی درآمد میں مجرمانہ تاخیر کی جس سے گیس کی بجائے تیل سے مہنگی بجلی پیدا ہوئی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ معیشت، کاروبار، روزگار ٹھپ ہے اور حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق چھین چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے ہی ریکارڈ مقدار میں بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔ کے الیکٹرک کی مذمت کرنے والے وزیراعظم اور ان کے وزراء کس منہ سے خود مہنگی بجلی کا بم عوام پر گرا رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا کیونکہ ہمیں عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی برداشت نہیں۔

متعلقہ خبریں