جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، سی اے اے انتظامیہ غفلت کا شکار

کراچی : سی اے اے کی غفلت کے باعث پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔ پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیاروں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔

7 ماہ کے دوران پی آئی اے کے 34 سے زائد طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس کے باعث 8 طیارے بری طرح متاثر ہوئے۔ متاثر ہونیوالے طیاروں میں بوئنگ 777 اور ایئربس 320 شامل ہیں۔

سب سے زیادہ پرندے ٹکرانے کے 15 واقعات کراچی ایئرپورٹ، لاہور ایئرپورٹ پر 11، سکھر ایئرپورٹ پر 2، پشاور ایئرپورٹ پر 2، اسلام آباد ایئرپورٹ پر 1 اور کوئٹہ میں 2 واقعات رپورٹ ہوئے۔

پی آئی اے کو ان واقعات میں لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے اور پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ پرندے ٹکرانے کی وجہ سے بعض پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں،  جس کی وجہ سے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنا پڑا۔  

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے پرانہ دیسی طریقہ استعمال کیا جارہا ہے، ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کیلئے جدید آلات نصب نہیں کئے گئے ہیں۔

پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائن نے بھی پرندے ٹکرانے کے واقعات پر سی اے اے کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا تھا، پر تاحال سی اے اے انتظامیہ سنگین غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے جو کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں