جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

براڈ شیٹ کو ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف

ادائیگی کا ریکارڈ غائب

اسلام آباد : براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ وزیراعظم آفس موصول ہوگئی ہے، کمیشن رپورٹ جوائنٹ سیکریٹری زاہد مقصود نے وصول کی۔ رپورٹ اور متعقلہ ریکارڈ 500 صفحات پر مشتمل ہے۔

کمیشن نے مجموعی طور پر 26 گواہان کے بیان ریکارڈ کیے۔ ایک سابق خاتون لیگل کنسلٹنٹ طلبی کے باوجود کمیشن میں پیش نہ ہوئیں۔

دوسری طرف رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے ہیں۔ براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کی تحقیقات مکمل، 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار

رپورٹ کے مطابق براڈشیٹ کمپنی کی 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی۔ ادائیگی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکہ ہے۔  ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

کمیشن نے انکشاف کیا کہ وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہو گئیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا۔ براڈ شیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملیں۔

کمیشن آصف زرداری کے سوئس مقدمات کا ریکارڈ بھی سامنے لے آیا۔ کمیشن نے نیب کو سوئس مقدمات کا سربمہر ریکارڈ کھولنے کی سفارش کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیب ریکارڈ کو ڈی سیل کرکے جائزہ لینا ہے۔ سوئس مقدمات کا تمام ریکارڈ نیب کے اسٹور روم میں موجود ہے، جسے 12 ڈپلومیٹک بیگز میں پاکستان پہنچایا گیا۔

متعلقہ خبریں