جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کردی

اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی ائیر لائنز کے لئے پاکستان کے فضائی حدود کھول دی ہیں۔ تمام روٹس کی فلائٹس پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرسکیں گی۔

پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے بعد فضائی حدود چار ماہ بعد تمام پروازوں کے لئے کھول دی گئی ہے۔ سول ایوی  ایشن نے نوٹم جاری کردیا۔

تمام روٹس کے طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے۔ لاہور سے نئی دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بحال ہوگئیں ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف تین روٹ کھلے تھے۔ اب تمام روٹس پروازوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد اب بھارتی ایئر لائنز بھی پاکستانی ایئر اسپیس استعمال کر سکتی ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے ستائیس فروری کو اپنی تمام فضائی حدود اور ایئرپورٹس کو بند کردیا تھا تاہم چند روز بعد اہم ہوائی اڈے کھول دیے گئے تھے۔

ابتدائی طور پر تین روٹس کھولے گئے، تاہم مشرقی حدود نہیں کھولی گئی تھیں۔ فضائی بندش سے پاکستان کو یومیہ پندرہ کروڑ روپے کا نقصان ہورہا تھا۔

متعلقہ خبریں