یہ عہدہ ملک میں مسلمانوں پر ہونے والے کئی حالیہ حملوں کے تناطر میں پیدا ہوا، جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ حکومتی سطح پر اسلامو فوبیا کیخلاف منظم کام کیا جائے گا۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صحافی اور کارکن امیرہ الغوابی اسلامو فوبیا، نظامی نسل پرستی، نسلی امتیاز اور مذہبی عدم رواداری کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت کی کوششوں کی حمایت اور ان کو بڑھانے کے لیے ایک مشیر، ماہر اور نمائندے کے طور پر کام کریں گی۔
امیرہ الغاوبی انسانی حقوق کی ایک سرگرم کارکن اور کالم نگار ہیں اور ایک نشریاتی ادارے میں ایک دہائی سے زائد عرصے تک کام کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کینیڈا میں غیر ملکیوں کی رہائشی جائیدادیں خریدنے پر پابندی عائد
وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الغوابی کی تقرری کو اسلامو فوبیا اور اس کی تمام شکلوں میں نفرت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
گزشتہ چند سالوں کے دوران کئی مہلک حملوں نے کینیڈا کی مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا ہے۔ جون 2021 میں، اونٹاریو میں ایک مسلمان خاندان پر ایک شخص نے ٹرک چڑھا دیا، جس کے نتیجے میں چار افراد اسی وقت مارے گئے۔ چار سال قبل کیوبیک سٹی کی ایک مسجد پر حملے میں چھ مسلمان جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔