جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

وزیراعلیٰ بلوچستان کی گوادر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

پینے کے صاف پانی

گوادر : وزیراعلیٰ جام کمال نے گوادر کے باسیوں کے لیئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت گوادر میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت و حرفت محمد خان طور، کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین، ڈپٹی کمشنر گوادر میجر ریٹائرڈ عبدالکبیر خان، ایکسین پی ایچ ای راحیل بگٹی، محکمہ روڈ اور بلڈنگ حکام سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر کی جانب سے گوادر میں پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق حالیہ بارشوں سے سوڈیم اور شادی کور اور آنکارکور ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس ڈیم سے پشکان اور گنز جیوانی کے علاقے کو پانی فراہم کیا جائے گا۔

سورڈ ڈیم اور شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی پائپ لائن کی تنصیب کے بعد گوادر کو پانی کی فراہمی شروع ہوگی۔

اجلاس میں گوادر اولڈ سٹی کی ٹاؤن پلاننگ، نکاسی آب، سڑکوں کی پختگی اور پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن سیاست زندہ رکھنے کی خاطر ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے : وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ نکاسی آب اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح میں شامل کریں۔

جام کمال کی جانب سے اجلاس میں گوادر اولڈ سٹی کے مسائل پر غور کرنے اور گوادر اولڈ سٹی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ادارہ ترقیات گوادر نے بتایا کہ گوادر اولڈ سٹی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کردیا گیا ہے۔ جنت بازار اور شاہی بازار کو جدید خطوط پر استوار کر کے حقیقی روپ میں لائیں گے۔ تمام منصوبوں پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ایم ڈی جیڈا عطاء اللہ جوگازئی نے جیڈا کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ خبریں