جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب کی یو اے ای کو اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت

اکنامک زونز میں سرمایہ

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اس موقت پر یو اے ای نے تعمیراتی شعبے اور ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار ریور راوی اربن فرنٹ اور والٹن بزنس حب کے منصوبوں میں سرمایہ کیلئے آگے آئیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 13 ڈیمز بنانے کا اعلان

عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔ والٹن بزنس حب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کے پاس فائیو اسٹار ہوٹل بنانے پر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سے غیر ملکی ٹیموں کو اسی ہوٹل میں ٹھہرانے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ اسٹیڈیم اور ہوٹل کو ملانے کے لئے انڈر گراؤنڈ یا اوور ہیڈ برج بھی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے۔

سفیرِ یو اے ای نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر الشیخ نیہان بن مبارک النیہان کی جانب سے آپ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں، انہوں نے آپ کا شکریہ ادا کیا۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔ لاہور میں متحدہ عرب امارات کا ویزہ سینٹر بھی جلد کھولا جائے گا۔

متعلقہ خبریں