جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

اناڑی، جاہل، ناکام نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں ڈال دیا : احسن اقبال

ملک کو دوبارہ

اسلام آباد : احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس ناکام حکومت سے پاکستان کا ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے، یہ اناڑی، یہ جاہل یہ ناکام، انہوں نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں ڈال دیا ہے۔

‏اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وکلاء کی ہڑتال کے باعث بغیر کسی سماعت 5 اپریل تک ملتوی کردی۔

پیشی کے موقع پر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے جھوٹے کیسز عدالتوں کا وقت ضائع کررہے ہیں اور عدالتوں کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ ہمارے ملک کا مسترد وزیراعظم سری لنکا میں ٹویٹ کرتا ہے کہ میں نے وہاں اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا ہے۔ ملک میں بین الاقوامی معیار کے اسپورٹس سٹی کمپلیکس کو کھنڈر بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ منصوبہ جو 90 فیصد مکمل تھا اسے بھوت بنگلہ بنا دیا گیا ہے۔ میرے خلاف ریفرنس میں مالی فائدے، رشوت، کمیشن کا کوئی الزام نہیں۔ مجھ پر صرف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس طرح کے بھونڈے ریفرنسز تو ترقی کے ہر منصوبے پر لگیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جھوٹ اور بہتان کی نہوست کی وجہ سے ملک نہیں چل رہا : احسن اقبال

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ ہماری حکومت کی بنائی ہوئی موٹرویز پر سفر کرتے ہیں۔ یہ اناڑی، یہ جاہل یہ ناکام، انہوں نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں ڈال دیا ہے۔ 90 فیصد کام کر کے جو منصوبے چھوڑ کر گئے ان نااہلوں سے وہ بھی مکمل نہیں ہو پا رہے۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ اس ناکام حکومت سے پاکستان کا ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے۔ ہماری سفارت اس حد تک تباہ ہو چکی کہ ہمیں اب یہ نہیں پتہ کہ ہم چین کے ہیں یا امریکہ کے۔

یہ پاکستان ہے یا افریقہ کا تیسرے درجے کا کوئی ملک ہے۔ بھارت ہمارے سامنے سے کشمیر اچک کر لے گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو صرف دو کام آتے ہیں تقریر کروا لیں یا چندہ اکٹھا کروا لیں۔ اس سے آگے ایک قدم جاتے ہیں تو ترجمانوں کا اجلاس بلا لیتا ہے۔ یہ حکومت سوشل میڈیا کے ٹرینڈز بنانے پر زندہ ہے، ان کو عوام کے مسائل کا نہیں پتہ۔

انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کا لانگ مارچ لوگوں کو لاقانونیت سے نجات دلانے کا لانگ مارچ ہے۔ لانگ مارچ میں صرف پی ڈی ایم نہیں بلکہ ہر شخص نکلے گا۔

متعلقہ خبریں