بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں، لوٹ مار نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی : وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرپشن پر بڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہورہے ہیں۔ لوٹ مار کا دور نئے پاکستان میں نہیں چل سکتا ہے۔ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بدعنوان عناصر نے ملک و قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا، ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔ نیا پاکستان شفافیت کی طرف گامزن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔