وزیراعلیٰ سندھ کی ‘‘کے سی آر’’ منصوبے کے لئے وفاق کو خط لکھنے کی ہدایت

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس، سپریم کورٹ کی ہدایت پر کے سی آر شروع کرنے اور وفاقی حکومت کو خط لکھنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی، مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری پی اینڈ ڈی، ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت دیگر شریک تھے۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کو خط لکھے کہ سی پیک اورنج لائن کا جو پیکج لاہور کو دیا گیا ہے، وہ سندھ حکومت کو بھی دیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وزارت ریلوے کو بھی خط لکھیں خط میں وزارت ریلوے کو کہا جائے کہ وہ رائیٹ آف وے سے تجاوزات ہٹا کر سندھ حکومت کو 15 دن کے اندر منتقل کرے، وزارت ریلوے سے رائیٹ آف وے ٹرانسفر ہوتے ہی سندھ حکومت منصوبے کا عالمی ٹینڈر کروائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے سی آر کے لئے وفاق کو پھر ساورین گارنٹی کا کہیں گے اور منصوبے کی منظوری بھی کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کے سی آر کا منصوبہ شروع کردیں گے۔