کوئٹہ : وفاقی حکومت نے بلوچستان کو این ایف سی کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے صوبائی حکومت کا مؤقف تسلیم کر لیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق این ایف سی واجبات کی پوری ادائیگی نہ ہونے اور واجبات کی مد میں بڑھتے ہوئے اضافہ کے باعث صوبائی حکومت شدید مالی دباؤ کا شکار تھی۔ صوبے کی مالی صورتحال دن بدن خراب ہو رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، مالی نظم و ضبط پر زور
وزیر اعلیٰ کی جانب سے واجبات کے حصول کے لئے ٹھوس اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور سیکریٹری خزانہ کمبر دشتی نے اسلام آباد میں طویل قیام کیا اور ٹیم کے ہمراہ وزارت خزانہ کے حکام سے متعدد بار مذاکرات کیئے۔
وفاقی حکام کو بلوچستان کے مؤقف پر قائل کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ صوبائی ٹیم نے وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار سے بھی اہم ملاقات کی۔ واجبات کی ادائیگی سے نہ صرف صوبائی حکومت پر مالی دباؤ کم ہوگا بلکہ ترقیاتی عمل کو بھی جاری رکھنا ممکن ہو سکے گا۔