جی ٹی وی نیٹ ورک
دلچسپ و عجیب

کمپنی کے مالک نے ملازمین کو ایک کروڑ ڈالر بونس دے کر حیران کردیا۔

کمپنی

میری لینڈ: امریکا میں رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالک نے اس بار کرسمس اور چھٹیوں کے بونس میں ملازمین کو ایک کروڑ ڈالر یعنی ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم دے کر انہیں حیران کردیا۔

چھٹیوں کے سیزن میں بعض ملازمین کو اوسطاً 50 ہزار اور کچھ افراد کو ڈھائی لاکھ ڈالر تک کی رقم بھی دی گئی۔ ایک خاص تقریب میں تمام 198 ملازمین کو جمع کرکے بلایا گیا اور انہیں لفافے دیئے گئے جن میں رقم کی تفصیل دی گئی تھی۔

تمام شرکا کو تقریب میں بلاکر سرخ لفافے دیئے گئے تھے۔ اس کے بعد کمپنی کے مالک نے لفافے کھولنے کا اعلان کیا تو اس میں ہر فرد کے لیے چیک موجود تھا جو خطیر رقم پر مشتمل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: روس میں تین لاکھ ڈالر سے کرسمس ٹری بنادیا گیا

سینٹ جان پراپرٹیز کے سربراہ ایڈورڈ سینٹ جون نے کہا کہ ’ہمارے اہداف کے حصول کے اہم موقع پر میں اپنے تمام ملازمین کو انعام دینا چاہتا ہوں جو ان کی زندگی پر اہم اثر مرتب کرسکے‘۔ انہوں نے اپنے تمام ملازمین کی محنت اور خلوص کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کا اعتراف اس سے بہتر طریقے سے نہیں ہوسکتا تھا۔

تمام مراعات اور بونس کرسمس پارٹی میں دیئے گئے جنہیں پاکر کئی لوگ حیرت سے ساکت رہ گئے اور کچھ لوگ رونے بھی لگے۔ کمپنی نے اس سال دو کروڑ مربع فٹ وسیع دفاتر، کارخانوں اور گوداموں کے سودے کیے جو آٹھ امریکی ریاستوں میں واقع ہیں۔ اس لیے کمپنی نے اپنے ملازمین کو بھی خوب نوازا ہے۔

متعلقہ خبریں