جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے: سعید غنی

سعید

کراچی: سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، کچھ چیزوں پر وفاقی حکومت سے مدد کی درخواست کی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اجلاس میں اسکولوں کو بند کرنے کی تجویز رکھی گئی تھی، اسکول بند کرنے کے فیصلے پر اسکول مالکان نے اعتراض اٹھائے، این سی او سی اجلاس میں اسکولوں کی بندش پر بات ہوئی تھی، کورونا کے حوالے سے ماہرین کی رائے لیتے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کی وہ صورت حال نہیں جو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہے، کل جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے آٹھویں کلاس تک تدریس کا عمل معطل کیا۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ہوائی سفر پر بھی پابندی لگائی جاسکتی ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، کچھ چیزوں پر وفاقی حکومت سے مدد کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم میں مارچ کیلئے جو پارٹی تیار تھی وہ پیپلز پارٹی تھی: سعید غنی

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ایک سال میں بچوں کی تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے، جتنے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں وہ حالت مجبوری میں ہیں، صحیح اقدام نہیں کیے تو خدشہ ہے سندھ میں بھی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔ سندھ کے بارڈر پر لوگوں کی اسکریننگ کرنا مشکل کام ہوگا، روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سندھ آتے اور جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال بچوں کو امتحانات کے بغیر پرموٹ نہیں کیا جائے گا، ان حالات کو کبھی پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کیلئے استعمال نہیں کیا۔ دوسرے صوبوں کی نسبت سندھ میں پابندیاں کم ہیں، ہم نہیں چاہتے صوبے میں پابندیاں لگائیں، دوسرے صوبوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمات درج ہورہے ہیں۔

متعلقہ خبریں