جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کورونا وائرس پاکستان منتقلی کا خدشہ، ایران جانے پر پابندی عائد

کورونا وائرس

تہران: ایران میں کورونا وائرس کی موجودگی اور پاکستان منتقلی کا خدشہ ہے، بلوچستان حکومت نے زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی، تفتان میں موجود 100 سے زائد زائرین کو واپس کوئٹہ منتقل کردیا گیا، تاحکم ثانی قافلوں کے اجازت نامے بھی روک دیئے گئے ہیں۔

بلوچستان حکومت نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی ہے، ذرائع کے مطابق پابندی ایران میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ اور اس کی پاکستان منتقلی کے خطرے کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پابندی کے تحت زائرین کے قافلوں کو تاحکم ثانی اجازت نامے جاری نہیں کئے جائیں گے، تفتان میں موجود 100 سے زائد زائرین کو بھی واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کے چین کے ساتھ ساتھ، جنوبی کوریا اور ایران میں شکار، مرض پھیلنے لگا

صوبائی حکومت نے چھپ کر ایران جانے کی کوشش کرنے والے شہریوں کو روکنے کیلئے خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، اگر کوئی شہری ایران جا پہنچا تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر، اسٹنٹ کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایران سے منسلک تمام اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، حساس علاقوں میں خصوصی طبی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے ضلعی افسران کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں