جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

سی پیک اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہے لیکن اس سے پاکستان کی تقدیر نہیں بدل سکتی: مسعود خان

سی پیک

مظفرگڑھ: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر نہ صرف جغرافیائی اور دفاعی اعتبار سے پاکستان کی فصیل ہے بلکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے بعد اس کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے لیکن یہ کہنا کہ اس سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی درست نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صدر آزاد کشمیر مسعود خان کی ملاقات

مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تقدیر یہاں کی اپنی معیشت اور جامعات اور کالجز میں پڑھنے والے نوجوانوں نے بدلنی ہے جو ملک کی ترقی کے لیے ویژن بھی رکھتے ہیں اور پرُ عزم بھی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت آزاد کشمیر کو جو چار منصوبے ملے ہیں اُن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، رکاوٹوں کو دور کریں گے اور حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر مزید منصوبے بھی حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سمیت دوسرے تمام منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کریں قومی منصوبوں کو سیاست کا شکار نہ ہونے دیں کیونکہ یہ وہ منصوبے ہیں جن کے ساتھ ہمارے نوجوانوں اور آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے۔

متعلقہ خبریں