جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

کرکٹ کمیٹی کا قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

عدم اطمینان

لاہور: پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ سربراہ کرکٹ کمیٹی سلیم یوسف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز صرف دو ہفتے دور ہے۔

سیریز کے اختتام پر کمیٹی ایک بار پھر قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سلیم یوسف کی سربراہی میں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے خصوصی شرکت کی، کرکٹ کمیٹی کے معزز ارکان نے قومی ٹیم کی سولہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کورونا وبا کو نتائج کا ذمے دار ٹھہرا دیا، یہ بھی تسلیم کیا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔ ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق حکمت عملی اور اہداف سے متعلق مکمل وضاحت دینے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کمیٹٰی کا اجلاس، کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا

سربراہ کرکٹ کمیٹی سلیم یوسف نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ عالمی وباء کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی کورونا کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

سلیم یوسف نے کہا کہ کمیٹی کا ماننا ہے کہ فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیئے تھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مدد لینے پر زور دیا گیا ہے۔

کرکٹ کمیٹی نے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ اورویمن کرکٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ خبریں