جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کسٹمز حکام نے بیرون ملک سے ایک فون لانے پر بھی ڈیوٹی کا انکشاف کردیا

اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں کسٹمز حکام نے بتایا کہ حکومت نے ایک موبائل لانے والے پر بھی ڈیوٹی عائد کردی ہے، بیرون ملک سے اب کوئی ایک بھی فون لائے گا ڈیوٹی دے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا سینیٹر روبینہ خالد کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ مسافروں کا ائیرپورٹ پر ڈیٹا چوری ہونے کے واقعات پر ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ لوگوں کی زندگی پی ٹی اے نے عذاب بنا دی ہے، کہتے ہیں کہ 7 روز باہر رہنے والا مسافر موبائل فون نہیں لاسکتا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ موبائل فونز پر پابندی ایف بی آر نے عائد کی ہے۔ روبینہ خالد نے کہا کہ کمیٹی اس معاملہ پر ایف بی آر کو بھی طلب کرے گی۔

سینیٹر رحمان ملک نے تجویز دی کہ نیا قانون لایا جائے اور اس قانون کو معطل کردیا جائے۔ کسٹمز حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت نے ایک موبائل لانے والے پر بھی ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ بیرون ملک سے اب کوئی ایک بھی فون لائے گا تو ڈیوٹی دے گا۔

ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ نے کمیٹی کو بتایا کہ مسافروں کے ڈیٹا چوری میں ملوث دس افراد گرفتار ہوئے ہیں۔  رحمان ملک نے کہا کہ ایف آئی اے نہیں وزارت داخلہ کو وضاحت کرنی چاہیے۔

چئیرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ٹی اے کے پاس ڈیٹا چوری کے 45 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پی ٹی اے نے تمام شکایات ایف ائی اے کو بھجوا دی ہیں۔ موبائل ڈیٹا کا ایشو تقریبا 90 فیصد حل ہوگیا ہے۔ موبائلز پر ٹیکس لگانا ایف بی آر کا کام ہے، پی ٹی اے صرف سہولت دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں