جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

ارطغرل غازی کے ارتک بے کا انتقال

ارتک بے کا انتقال

دنیا بھر میں مقبول تُرک سیریز ’ ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں کینسر سےلڑتے ہوئے انتقال کر گئے۔

51 سالہ تُرک اداکار آئبرک پیکچن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

آئبرک پیکچن کے انتقال کی اطلاع ’ارطغرل غازی‘ کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔

انہوں نے لکھا ’ہمارے پیارے آئبرک پیکچن، جنہوں نے ارطغرل غازی میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوایا، کا انتقال ہوگیا۔ میں اللہ سے اپنے بھائی کے لیے رحم کی دعا کرتا ہوں اور خاندان اور مداحوں کے لیے صبر ک دعا کرتا ہوں۔‘

آئبرک پیکچن 22 مئی 1970 کو پیدا ہوئے اور 2001 میں انہوں نے بطور اداکار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

آئبرک نے بےشمار پراجیکٹس کیے لیکن ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

’ارتک بے‘ ارطغرل غازی کے دوسرے سیزن کا حصہ بنے اور پھر آخری یعنی پانچویں سیزن تک ’ارطغرل غازی‘ کے وفادار سپاہی کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیے۔

یہ پڑھیں : کوک اسٹوڈیو کی حجابی اداکارہ کون ہیں  ؟

اکتوبر 2021 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر کینسر میں مبتلا کی تشخیص کی اطلاع مداحوں کو دی تھی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پیارے دوستو! کمرمیں درد کی شکایت کی وجہ سے ڈاکٹر سے رجوع کیا، اس کے ساتھ شروع ہونے والا عمل آج اس مقام پر پہنچا کہ مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہے اور ٹیومر بھی پھیل گیا ہے۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں اس سیریز کو سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ہمارے اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان میں اس سریز کے خوب چرچے رہے، ترک اداکاروں کو پاکستان میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب پیار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:گھر میں آکے تجھے مار کے جاؤں گا، سلمان خان کی بگ باس کھلاڑی کو دھمکی

متعلقہ خبریں