لاہور: شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے والا ہے، حکومت مزید ٹیکسز لگا کر عوام پر بوجھ ڈالے گی۔
تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈالر کے اوپر جانے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، ڈالر کی نسبت روپے میں 24 روپے کی تنزلی ہوئی، قرضوں میں 12 ٹریلین روپے کا اضافہ ہوچکا ہے، 2 دن میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے کا قرض بڑھادیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہم مہنگائی 12فیصد پر چھوڑ گئے تھے اور آج 27فیصد پر ہے:شوکت ترین
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے کہا تھا جیسے ہی لندن سے جہاز میں بیٹھوں گا ڈالر گر جائے گا، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے تجارتی خسارہ 3.2ٹریلین پر ہے، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں گی، اسحاق ڈار کے ہوتے ہوئے بھی ڈالر ایک دن میں 34 روپے مہنگا ہوا، ڈالر اس وقت 264روپے پر پہنچ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے والا ہے، حکومت مزید ٹیکسز لگا کر عوام پر بوجھ ڈالے گی۔