جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پاکستان کی ترقی میرا مفاد ہے جس کیلئے محنت کررہا ہوں: وزیراعظم

پاکستان کی ترقی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی میرا مفاد ہے جس کے لیے محنت کررہا ہوں، کرپٹ عناصر اقتدار میں آکر کرپشن کے ذریعے پیسا بناتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کسانوں سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں کسی لابی کا حصہ نہیں ہوں، نا انصافی کے باعث پاکستان ترقی سے ہٹ کر تنزلی کی طرف گیا۔ پاکستان میں میرا کوئی کاروباری مفاد نہیں ہے، پاکستان کی ترقی میرا مفاد ہے جس کے لیے محنت کررہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے قتل پر اظہار افسوس

عمران خان کا کہنا تھا کہ نا انصافی اور ظلم کا معاشرہ نہیں چل سکتا، حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف میری طویل جدوجہد ہے، حکمرانوں کی کرپشن ملک کو تباہ کردیتی ہے، کرپٹ عناصر اقتدار میں آکر کرپشن کے ذریعے پیسا بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آئے تو دیکھا چینی کی قیمت بڑھ رہی تھی، کسانوں کو گنے کی پوری قیمت نہیں مل رہی تھی، شوگر مافیا مہنگی چینی بیچتا اور کسانوں کو پوری قیمت نہیں دیتا تھا، بدقسمتی سے اور جگہوں پر بھی شوگر مافیا جیسے لوگ بیٹھے ہیں۔ شوگر ایسوسی ایشن نے ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے پر دھمکی دی تھی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا کے خلاف بلا امتیاز تحقیقات کی گئیں، کسانوں کو گنے کی پوری قیمت کی ادائیگی سے فائدہ ہوا، ہماری حکومت میں کسانوں کو بروقت پیسے ادا کیے گئے، کپاس کے علاوہ دیگر تمام فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، حکمرانوں کی کرپشن ملک تباہ کردیتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے، کسانوں سے مسلسل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، زرعی شعبہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کر سکتا ہے، زراعت سے متعلق چین کی ٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔

متعلقہ خبریں