جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں، شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہیں دیں گے : عطاء اللہ تارڑ

پروڈکشن آرڈر کی درخواست

لاہور : عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کی کوئی درخواست نہیں دیں گے، زمین پر سونے پر مجبور کرنا، گھر کا کھانا نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کو شہزاد اکبر کی ہدایات پر نیب سیل میں اذیتیں دی گئیں۔ ان کیخلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی اور نہ کوئی ثبوت دئیے گئے ہیں۔ یہ مشکلیں ہمارے لئے نئی نہیں ہیں، ہم نے جیلیں اور جلاوطنی کاٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، لیکن ہم حکومت کو پروڈکشن آرڈر کی کوئی درخواست نہیں دیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے رویے سے ثابت کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو ایوان میں سپورٹ کرتے ہیں۔ شہباز شریف کو جیل منتقل کرنے پر وزیراعظم ہاؤس سے کہا گیا کہ انہیں کوئی سہولت نہ دی جائے۔ ہم نے اپنے طور پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزار کی توہین پر کسی کو منہ چھپانے کی ضرورت نہ پڑی! شہباز گل

ان کا کہنا تھا کہ زمین پر سونے پر مجبور کرنا، گھر کا کھانا نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ آپ نے جہانگیر ترین، عامر کیانی کی کرپشن کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ فارن فنڈنگ کیس کا راز افشا ہونے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ نے جتنا ظلم کرنا ہے، کر لیں، ہم جھکنے والے نہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف ہونے کے ناطے شہباز شریف کے کچھ حقوق ہیں۔ عمران خان صاحب آپ نے ایک دن جیل نہیں کاٹی۔ مشرف دور میں آپ دیوار پھلانگ کر بھاگ گئے تھے۔

آپ نے کبھی سیاسی جدوجہد بھی نہیں کی۔ عمران نیازی آپ کو جیل جانا پڑ گیا تو آپ کو نانی یاد آ جائے گی اور آپ ایک گھنٹہ بھی نہیں نکال سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالت سے رجوع کر کے قیدی کے بنیادی انسانی حقوق دینے کی درخواست کر رہے ہیں۔ شہباز شریف کو جیل حکام نے زمین پر سونے کا کہا ہے۔ سنٹرل جیل کوئی گوانتاناموبے نہیں ہے، ہم شہباز شریف کے حقوق بحال کروائیں گے۔ اعلی عدالتوں سے رجوع کرنا پڑا تو کریں گے۔

متعلقہ خبریں